10 ستمبر 2014 - 12:24
پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری

پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور دریائے چناب اور جہلم کا سیلابی پانی پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور بالائی پنجاب کے بعد جنوبی پنجاب میں بھی تباہی پھیلاتا ہوا آگے بڑھ رہا ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور دریائے چناب اور جہلم کا سیلابی پانی پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور بالائی پنجاب کے بعد جنوبی پنجاب میں بھی تباہی پھیلاتا ہوا آگے بڑھ رہا ہے، جس سے مزید سیکڑوں دیہات زیر آب آگئے ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں  دریائے چناب کا سیلابی پانی وسطی پنجاب کے بعد جنوبی پنجاب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ دریائے راوی، جہلم اور چناب کا سیلابی پانی گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور منڈی بہاؤالدین میں تباہی پھیلانے کے بعد حافظ آباد، چنیوٹ ، سرگودھا، اوکاڑہ اور ملتان کے سیکڑوں دیہات کے لئے خطرے کی علامت بن گیا ہے۔ اب تک سرگودھا میں 3 لاکھ سے زائد افراد سیلابی پانی سے متاثر اور ہزاروں ایکڑ رقبے پرموجود فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ ہیڈ تریموں کو سیلابی پانی سے بچانے کے لئے اٹھارہ ہزاری کے قریب حفاظتی بند میں بھی شگاف ڈال دیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے مختلف علاقوں کے 7 لاکھ افراد براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ دوسری طرف صوبہ سندھ میں بھی ہائی الرٹ جاری کر دیا گيا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲